Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاک ڈاؤن میں نرمی ہوگی یا مزید سختی، فیصلہ 31 مئی کو ہوگا

شائع 30 مئ 2020 05:31am
وزیر اعظم عمران خان- فائل فوٹو

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی یا دوبارہ سخت کردیا جائےگا؟ کس شعبے کو کاروبار میں مزید رعایت دی جائے؟ ایس اوپیز پر کس طرح عمل درآمد کرایا جائے؟ وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اتوار 31 مئی کو طلب کرلیا، اجلاس میں کوروناوائرس کے خلاف اقدامات پر غور ہوگا۔

31 مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام صوبے اپنی سفارشات وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے۔

اس سے قبل 7 مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا گیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے جو فیصلہ کیا وہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ذمہ داری لینا پڑے گی، اگر اس مشکل مرحلے سے نکلنا ہے تو حکومت ڈنڈے کے زور سے نہیں بولے گی، حکومت اور پولیس کیا کیا کام کرسکتی ہے؟ کیا ہم پکڑ کر لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں اور وہاں ٹیسٹ کریں، یہ کوئی بھی حکومت نہیں کرسکتی۔

اس کے بعد عید کے موقع پر سپریم کورٹ نے بھی تمام کاروبار اور شاپنگ مالز پورے ہفتے کھولنے کا حکم جاری کردیا تھا جس کے بعد تمام کاروبار اور شاپنگ مالز شام 5 بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔لاک ڈاؤن موجودہ شرائط کے ساتھ 31 مئی تک جاری رہے گا تاہم اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے مزید فیصلے کیے جائیں گے۔